چکمگلورو،23؍جنوری (ایس او نیوز)چکمگلورو سٹی منسپل کونسل میں تیسری مرتبہ بھی بی جے پی کو اقتدار حاصل ہواہے۔گذشتہ روز منعقدہ صدرونائب صدر کے عہدے کے انتخابا ت میں بی جے پی کے وراسدی وینوگوپال صدر اور اومادیوی کرشنپانائب صدرمنتخب ہوئے۔سٹی منسپل کونسل میں سینئر اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹر ایچ ایل ناگراج نے انتخابات کی کارروائی شروع کی۔صدر کے عہدے کیلئے وراسدی وینوگوپال اور کانگریس کے سید جاوید،نائب صدر کے عہدے کیلئے بی جے پی کی اومادیوی اور کانگریس کی منجولالکشمن نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔ دوپہر کے بعد پولنگ منعقد ہوئی جس میں تمام منتخب کونسلروں کے علاوہ رکن پارلیمان ومرکزی وزیر شوبھاکرندلاجے،رکن اسمبلی سی ٹی روی نے حصہ لیا۔سٹی منسپل کونسل کے جملہ 35کونسلرس،رکن پارلیمان او ررکن اسمبلی سمیت جملہ 37 ووٹرس ہیں،جن میں سے کانگریس پارٹی سے منتخب ہوئے ایک کونسلر غیر حاضر رہے اور 36ووٹرس نے ووٹنگ کی کارروائی میں حصہ لیا۔بی جے پی امیدوار نے 23ووٹ لئے اور کانگریس امیدوار کو صرف 13ووٹ حاصل ہوئے۔بی جے پی امیدوار کو رکن پارلیمان شوبھاکرند لاجے،رکن اسمبلی سی ٹی روی کے علاوہ جے ڈی ایس کے 2 اور ایک آزاد کونسلر نے ووٹ دیا۔بقیہ 11کانگریس کونسلروں اور دو آزاد کونسلروں نے کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ دیا،جس کے بعد الیکشن آفیسر ڈاکٹر ایچ ایل ناگراج نے صدراور نائب صدر کے منتخب ہونے کا اعلان کردیا۔نومنتخب صدر وراسدی وینوگوپال نے کہا کہ مرکزی وزیر شوبھا کرند لاجے،ریاستی قانون ساز کونسل کے ڈپٹی چیرمین ایم کے پرانیش،رکن اسمبلی سی ٹی روی کے علاوہ ضلع کے تمام اراکین اسمبلی اور ہاسن کے رکن اسمبلی پریتم گوڈا سمیت دیگر کئی بی جے پی لیڈرو ں کی جدوجہد سے چکمگلور سٹی منسپل کونسل میں بی جے پی کو تیسری مرتبہ اقتدار حاصل ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ پچھلے 31سالوں سے بی جے پی کارکن کی حیثیت سے مختلف ذمہ داریاں نبھاتے آرہے ہیں،ہنومنتپا سرکل یوکراسنگھاکے ذریعے سماجی خدمات کا سلسلہ شروع کیاتھااور رام جنم بھومی تحریک کے ذریعے سیاست میں قدم رکھاتھا،آج شہر کے اس باوقار عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔تین سالوں سے سٹی منسپل کونسل میں منتخب نمائندے نہیں تھے،اب انہیں ذمہ داری سونپی گئی ہے،شہر میں کئی مسائل ہیں جن کے بارے میں انہیں جانکاری ہے۔تمام اراکین کو اعتماد میں لے کر شہر میں پیش آرہے تمام مسائل کا حل ڈھونڈ نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔نومنتخب نائب صدر اومادیوی کرشنپا نے کہا کہ وارڈ کے مکینوں نے انہیں منتخب کیاہے،مگر نائب صدر کا عہدہ ملے گا اس کی امید انہیں نہیں تھی، پارٹی نے انہیں ذمہ داری سونپی ہے،شہر کے عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گی اور شہر کی ترقی کو اولین ترجیح دیں گی۔